اسلام آباد: سری لنکا وکٹ فکسنگ اسکینڈل میں سابق پاکستانی کرکٹرحسن رضا کا نام بھی سامنے آگیا ہے۔
گزشتہ روزسری لنکا میں کرکٹ کا ایک اسکینڈل سامنے آیا جس کو وکٹ فکسنگ اسکینڈل کا نام دیا گیا تھا۔ اسکینڈل کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے انگلینڈ اورسری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی ’فکسنگ‘ کی یقین دہانی گراؤنڈ اسٹاف کراتا ہے۔
یہ میچ گال اسٹیڈیم میں چھ نومبر کو کھیلا گیا تھا۔ اسکینڈل میں مبینہ طور پر سابق بھارتی فرسٹ کلاس کرکٹر رابن مورس اورگال اسٹیڈیم کا اسسٹنٹ مینیجر تھرانگا اندیکا شامل بتائے جاتے ہیں۔
وکٹ فکسنگ اسکینڈل اس وقت منظر عام پرآیا جب الجزیرہ کا ایک صحافی ’اسٹنگ آپریشن‘ کے دوران بزنس مین کے روپ میں گال اسٹیڈیم کے اسٹاف سے ملا اورخفیہ طور پر بات چیت کی ویڈیو ریکارڈ کی۔
ریکارڈ کی جانے والی ویڈیو میں صحافی نے پوچھا کہ ’’کیا ٹیسٹ میچ چار دن میں ختم ہوجائے گا‘‘؟ تو وکٹ فکسر تھرانگا اندیکا نے جواب دیا کہ ’’چار دن کیا، ڈھائی دن میں ہی ختم کردیں گے‘‘۔
سابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا نے رابن مورس اور الجزیرہ رپورٹر کے درمیان ہونے والی گفتگو میں حصہ نہیں لیا لیکن سابق بھارتی کرکٹر نے فکسنگ کی نشانیاں بتاتے ہوئے حسن رضا کا نام لیا تھا۔
رابن مورس نے مثال دے کر سمجھایا تھا کہ حسن رضا کا پیڈ کھول کر بند کرنا یا بولر کو روکنے کا اشارہ کرنا، فکسنگ کی نشانیاں ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سارے معاملے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کررکھا ہے۔
