پاکستان معجزہ ہے، قوم سمجھےحقیقی آزادی کیا ہے؟ معاشی خودمختاری کے بغییر آزادی نامکمل ہے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے قیام پاکستان کو ایک معجزہ اور 20 ویں صدی کی سب سے بڑی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت قائداعظم کی متحرک قیادت اور قربانیوں سے ممکن ہوئی۔

جشن آزادی کے موقع پر گوگل بھی پاکستانی خوشیوں میں شریک

ہم نیوز کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ مشکلات بڑی تھیں لیکن ان کو شکست دینے کا عزم ان سے کہیں زیادہ بلند، مضبوط و توانا تھا۔


انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم نے ابھی تک اس خواب کو مکمل طور پر پورا نہیں کیا ہے لیکن وقت آگیا ہے کہ قوم یہ سمجھے کہ حقیقی آزادی کا مطلب کیا ہے؟

میاں شہباز شریف نے کہا کہ معاشی خود مختاری کے بغیر ہماری آزادی نامکمل ہے، یہ بھوک، افلاس اور غربت سے آزادی ہے۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت ہمارے لوگ ہیں اور وقت آگیا ہے کہ ہم عوام کی فلاح وبہبود کوعوامی پالیسی میں اولین ترجیح دیں۔

قبل ازیں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا کہ ہم جوہری طاقت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی مذاکرات کی ضرورت ہے، آئیں کشکول توڑنے کے لیے ہم سب ایک ہو جائیں۔ انہوں نے اپنے خطاب  تمام پاکستانیوں کی جشن آزادی کی مبارکباد بھی پیش کی۔

پاکستان کا 75واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی قوت بنانے کا عہد کیا ہے، مایوسیاں پھیلانے والوں کی پھر ہار ہوگی، مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے، ملک کی تعمیر و ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کو سراہتا ہوں، 75واں یوم آزادی پاکستانی قوم کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کو آزادی نصیب فرمائے، (آمین)۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ بارشوں اورسیلاب کی وجہ سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے، بہت سے لوگ اپنے پیاروں سے بچھڑ گئے ہیں، قیام پاکستان ہمارے لیے ایک بہت بڑا سبق ہے، ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں جس کا اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

وزیراعظم نے مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام ہے جن کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا، خون کے دریا عبور کیے، شہادتیں دیں لیکن مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، ان ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو تقسیم ہند کے وقت خون کی نذر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے ملک حاصل کیا گیا، شرپسند قوتوں کو ملی یکجہتی اور باہمی اتحاد سے کچل دیں گے، عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے 75 روپے کا یادگاری نوٹ جاری کر دیا

ہم نیوز کے مطابق پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد  میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔ وزیراعظم میاں شہبازشریف نے پرچم کشائی کی اور دیگر شرکا کے ساتھ قومی ترانہ بھی پڑھا۔


متعلقہ خبریں