پاکستانی سیاستدان کسی بھارتی ہم منصب سے مل کر کتاب لکھتا تو غدار کہلاتا، رضا ربانی

پاکستان کی فنانشنل اور معاشی صلاحیت غیر ملکی سامراج کو بیچ دی گئی، رضا ربانی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کی کتاب ‘دی اسپائے کرونیکلز’ پر سوال اٹھا  دیے۔

سینیٹ اجلاس میں رضا ربانی نے پاکستان اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے دو سابق سربراہوں کی مشترکہ کتاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کتاب کسی سویلین یا سیاستدان نے اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ مل کر لکھی ہوتی تو اس پر غدار کا فتویٰ  لگ چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ کتاب پاکستانی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس ( آئی ایس آئی ) کے سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) اسد درانی اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’’ را ‘‘ کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ  نے مل کر لکھی ہے۔ پاک بھارت کے انتہائی خراب حالات پر کتاب کی تقریب رونمائی پر حیرت ہو رہی ہے۔

اسد درانی اور امرجیت سنگھ  نے اپنی کتاب ‘دی اسپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس’ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم معاملات پر بات کی ہے۔

کتاب میں جن معاملات پر روشنی ڈالی گئی، اُن میں کارگل آپریشن، ایبٹ آباد میں امریکی نیوی سیلز کا اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا آپریشن، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں