ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو گئی. نئے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات آج جمع ہوں گے جبکہ الیکشن کل ہو گا۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ ہوئی۔ تحریک عدم اعتماد کے حق میں 186 ووٹ ڈالے گئے۔
تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل خالی بیلٹ باکس ایوان میں دکھائے گئے اس کے بعد تحریک پرووٹنگ کا آغاز ہوا۔ تحریک عدم اعتماد کے خلاف کوئی ووٹ کاسٹ نہیں ہوا۔
تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ خالی ہو گیا۔آج شام پانچ بجے تک سیکرٹری اسمبلی کے آفس میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات جمع کروائے جاسکیں گے۔
ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات کی جانچ پڑتال پانچ بجکر دس منٹ پر شروع ہو گی۔ اتوار کے روز ڈپٹی اسپیکر کیلئے الیکشن ایک بجے دوپہر کو ہو گا، جس میں ووٹنگ خفیہ رائے شماری کے تحت ہو گی۔