عمران خان فنانشل ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں، شہباز شریف


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان فنانشل ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے عمران خان فنانشل ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر نہیں کریں گے، ثابت ہو گیا عمران خان کس طرح ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بول کر عوام کو دھوکا دیتے ہیں۔

اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ عمران خان کیخلاف سنگین فرد جرم ہے۔

 انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ ، غیرقانونی طور پر بھاری رقوم کی ترسیل کے حقائق بے نقاب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں بیان کردہ ٹھوس حقائق چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ عمران نیازی جھوٹ ، تضادات اور منافقت کا پیکر ہے۔

برطانوی عدالت: ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کو امریکہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ برطانوی میڈیا نے انشکاف کیا کہ ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے خیرات کے نام پر رقم اکٹھی کی۔

برطانوی میڈیا فنانشل ٹائمز کے مطابق ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی نے برطانیہ میں ٹی ٹوئنٹی میچز کروائے اور عارف نقوی نے کیمن آئی لینڈز میں شامل کمپنی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو پی ٹی آئی کے بینک رول کے لیے استعمال کیا۔

عارف نقوی 2012 سے 2014 تک ووٹن ٹی ٹوئنٹی کے صدر رہے اور ووٹن کرکٹ کو منتقل کی جانے والی سب سے بڑی رقم 20 لاکھ ڈالر تھی۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے غیر ملکی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عارف نقوی نے چیرٹی کے لیے میچز کرائے جس کا پیسہ پی ٹی آئی کے پاس جانا تھا اور پی ٹی آئی کو چیرٹی کا پیسہ قانونی ذرائع سے آیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں