وزیر اعلی پنجاب پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ اسپیکر کے انتخاب میں سبطین خان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت پی ٹی آئی اور ق لیگ کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے اراکین پنجاب اسمبلی نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس میں پرویزالہٰی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔ پارلیمانی پارٹی نے سبطین خان کو اسپیکر کے انتخاب میں کامیاب کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب میں سبطین خان کو کامیاب کرانے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دوست مزاری کی غیر قانونی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی تھا ، گورنر راج کے شوشے چھوڑے جارہے ہیں۔
سبطین خان نے کہا کہ یہ اسپیکر کا الیکشن نہیں، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کامقابلہ ہے۔