اتحادی ہمیشہ بارڈر لائن پر کھڑے ہوتے ہیں، فرخ حبیب

بلاول ملک کے مفاد پر ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہے ہیں، فرخ حبیب

اسلام آباد: وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اتحادی ہمیشہ بارڈر لائن پر کھڑی ہوتے ہیں ان پر مرضی لاگو نہیں کر سکتے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیکا آرڈیننس فیک نیوز کے خلاف مؤثر ثابت ہو گا اور پیکا قانون مسلم لیگ ن کے دور میں بنا تھا ہم نے تو صرف سزا واضح کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم میں ہزاروں درخواستیں پڑی ہیں اور سوشل میڈیا پر لوگوں کی ذات پر حملے کیے جاتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر کنٹینٹ کا جائزہ لینے کے لیے کوئی قانون نہیں تھا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے قانون کا آنا ضروری تھا۔ لوگوں کے گھر خراب ہوتے ہیں اور طلاق تک بات چلی جاتی ہے۔ فیک نیوز کی تشریح پر کام کر رہے ہیں اور میڈیا ایڈیٹرز سے فیک نیوز کی تشریح پر بات ہوئی ہے۔ جعلی نیوز اور تکنیکی غلطی میں فرق ہے جبکہ سی پی این ای کی جانب سے فیک نیوز کی تشریح آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیکا کے تحت کوئی صحافی گرفتار نہیں ہوا تاہم قانون کو سخت کرنے کا مقصد معاشرے کو جرائم سے بچانا ہے۔ حزب اختلاف کو خود ایک دوسرے پر اعتماد نہیں تو عدم اعتماد کی تحریک کہاں سے لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی منظر نامے پر مشاورت کے لیے ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق کا رابطہ

وزیر مملکت نے کہا کہ شہباز شریف اور آصف زرداری ایک دوسرے کو دیکھنا بھی پسند نہیں کرتے لیکن اگر آج شہباز شریف اور آصف زرداری اکھٹے ہوئے ہیں تو اس کی وجہ عمران خان ہے۔

اتحادیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور اتحادی ہمیشہ بارڈر لائن پر کھڑے ہوتے ہیں اس لیے اتحادیوں پر اپنی مرضی لاگو نہیں کر سکتے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حزب اختلاف نے پیسوں کی لین دین شروع کر دی ہے اور شاباش ہو ان لوگوں پر جنہوں نے پیسے لینے سے انکار کیا۔ یہ لوٹ مار کا ٹولہ ہے کون سا ان کا اپنا پیسہ ہے۔ جلد انصاف کے لیے ہم نے عدالتی اصلاحات متعارف کرائے ہیں۔


متعلقہ خبریں