فضل الرحمان مدرسے کے بچوں کے ذریعے سیاست کر رہے ہیں، فواد چودھری

عمران خان کو چھوڑ کر اپوزیشن کے پاس جانے والا بندہ پاگل ہی ہو گا، فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ فضل الرحمان مدرسے کے بچوں کے ذریعے سیاست کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جن کی کمر میں درد ہو وہ عدم اعتماد نہیں لاسکتے اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ کے لیے ہمارا کنٹینر کرائے پر دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویزالہٰی سے شہباز شریف کو سوائے اچھی چائے کے کچھ نہیں مل سکتا کیونکہ چودھری برادران مہمان نواز ہیں وہ اچھی خاطر مدارت کریں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ منڈی بہاؤ الدین سے سرائے عالمگیر ڈول کیرج وے بنائی جارہی ہے اور وزیر اعظم 2 یونیورسٹیوں اور سٹی اسپتال کا بھی اعلان کریں گے۔ جب عمران خان حکومت میں آئے تو ملک میں 2 ہفتے کے زرمبادلہ بھی نہیں تھے لیکن اب فیصل آباد کی بند ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال 24 فیصد ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ ہواہے۔ بلاول بھٹو، فضل الرحمٰن اور شہباز شریف پٹے ہوئے مہرے ہیں۔ جب بھی ملک میں استحکام آتا ہے یہ لوگ غلط تاثر دیتے ہیں۔ میڈیا میں کوئی بندش نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کسی کو خوش کرنے کے بجائے اصلاحات چاہتے ہیں، وزیر اعظم

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غیر اخلاقی پروگرام نشر کرنے کی ہر کسی کو مذمت کرنی چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان مدرسے کے بچوں کے ذریعے سیاست کر رہے ہیں جبکہ نواز شریف سزا اور مریم نواز سزا یافتہ ہیں۔ شہباز شریف، حمزہ شہباز پر کیسز عدالتوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑاسی جیسے لوگوں کو شریف خاندان نے استعمال کیا۔ ان کا بچہ پیدا ہوتے ہی لندن میں پراپرٹیز کا مالک ہوتا ہے۔ 18 فروری کو وزیر اعظم کا کامیاب جلسہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں