متحدہ عرب امارات کا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ


متحدہ عرب امارات نے حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، وزارت دفاع یو اے ای کے مطابق یمن میں حوثیوں کی طرف سے داغے گئے میزائل کو تباہ کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق حملہ اتوار کی رات یمن کے الجواف نامی صوبے سے کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، متحدہ عرب امارات نے میزائل کو تباہ کرنے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ اپنے پہلے دورے پر متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں، میزائل اسرائیلی صدر کے امارات پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد داغا گیا۔


یہ بھی پڑھیں: امریکہ کی اپنے شہریوں کو متحدہ عرب امارات کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

سات روز قبل بھی متحدہ عرب امارات نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے 2 میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعوی کیا تھا، متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق حوثیوں نے یو اے ای کی طرف 2 میزائل داغے تھے جنہیں راستے میں ہی تباہ کردیا گیا۔

تباہ ہونے والے میزائل کے ٹکڑے ابوظبی کے قریب خالی جگہوں پر گرے۔ حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں