کوئٹہ: ایف سی مددگار سینٹر پر حملہ ناکام، پانچ دہشت گرد ہلاک


کوئٹہ: ائیرپورٹ روڈ پرایف سی مددگار سینٹر پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور حملے کے لیے آنے والے پانچوں  دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پانچ  خود کش حملہ آوروں نے اسلحہ اور بارود سے بھری گاڑی میں ایف سی کے مددگار سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے انہیں موقع  پر ہلاک  کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پانچوں حملہ آور بظاہر افغانی لگتے تھے، حملہ گزشتہ رات کلی الماس میں اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کا ردعمل تھا، فائرنگ کے تبادلے میں چار ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز علاقے کو کلیئر کر رہی ہیں اور صورتحال قابو میں ہے۔

دہشت گردوں کے حملے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بھی موقع پر پہنچ گئے، انہوں نے دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے یہ کل کےآپریشن کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کی کارروائی ہے۔

آج خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں بھی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پرخود کش حملہ کیا گیا جس میں 14 افراد زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔


متعلقہ خبریں