بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ انہیں صرف ڈیڑھ گھنٹہ پہلے ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کے بارے میں بتایا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن میٹنگ سے صرف نوے منٹ پہلے مجھ سے رابطہ کیا گیا اس سے پہلے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھےکہا گیا کہ پانچ سلیکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ میں ون ڈے کی کپتانی نہیں کروں گا۔
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے کپتان کا عہدہ چھوڑ دیا تھا اور گذشتہ ہفتے انڈین کرکٹ بورڈ نے ویرات کوہلی کو ون ڈے کرکٹ کی کپتانی سے ہٹا کر روہت شرما کو کپتانی سونپ دی تھی۔
ویرات کوہلی تاحال بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں وہ بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔کچھ رپورٹس کے مطابق انہوں نے ایک روزہ سیریز سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم کوہلی نے ان رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹ قرار دیا اور کہا ہے کہ وہ سلیکشن کے لیے دستیاب تھے اور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں اور اپنی ٹیم کے لیے ممکنہ حد تک بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔