پی ایس ایل میں دوسرے نمبر پر زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کامران اکمل نے کہا ہے کہ انہیں پشاور زلمی کی ہمدردی نہیں چاہیے۔
گولڈن سے سلور کیٹیگری میں تنزلی پر پی ایس ایل سے دستبرداری کا اعلان کرنے والے کامران اکمل نے کہا کہ پشاور زلمی کی انتظامیہ میرے ساتھ اس وجہ سے ہمدردی نہ کرے کہ میں ان کے لیے 6 ایڈیشن کھیلے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 7: ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے دستبرداری کا اعلان کردیا
اسٹار بلے باز نے کہا کہ جب چھٹے ایڈیشن کے لیے مجھے پلاٹینیم سے گولڈ کیٹگری میں شامل کیا گیا تو یہ میرے لیے حیران کن تھا۔ میرا ٹریک ریکارڈ شاندار تھا لیکن پھر بھی میری تنزلی کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے اس پر صبر کیا اور پوری دلجمعی سے کھیلا۔ اب گولڈ سے مزید تنزلی کرتے ہوئے سلور کیٹگری میں شامل کرنا قابل قبول نہیں۔ یہ جونیئر کرکٹرز کی کیٹیگری ہے۔ بہتر ہے کہ اس میں جونیئرز کو ہی شامل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پشاور زلمی سے کہا کہ پلیز مجھے ریلیز کر دیں، میں اس کیٹیگری میں کھیلنا ڈیزرو نہیں کرتا، کسی اور کو کھلا لیں وہ زیادہ بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کامران اکمل کو پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں سب سے نچلی کیٹیگری کیوں ملی؟
پشاور زلمی کے فیصلے کے پس پردہ موجود عوامل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے مینٹور یا برانڈ امبیسیڈر بنانے کا کہتے ہوئے کہا گیا کہ پیسے گولڈ کے ہی دیں گے لیکن میرا خیال ہے کہ مجھے ایسے نہیں کھیلنا چاہیے۔
کامران اکمل نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر بھی پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے چھ سیزن کا سفر شاندار رہا۔ انہوں نے محمد اکرم، جاوید آفریدی اور ڈیرن سیمی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھے اور برے حالات میں اسپورٹ کرنے کا شکریہ۔
Last 6 seasons it was a great journey..Thank you for supporting me through thick and thin M.Akram bhai @JAfridi10 @darensammy88 @WahabViki ..I think i don’t deserve to play in this category…Thank you once again..@PeshawarZalmi Best of luck..Thank You all the fans for supporting
— Kamran Akmal (@KamiAkmal23) December 12, 2021
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ میرا خیال میں میرے لیے اس کیٹیگری میں کھیلنا مناسب نہیں۔ انہوں پشاور زلمی کو گڈ لک کہتے ہوئے فینز کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 7 کے لیے پشاور زلمی نے کامران اکمل کو سلور کیٹیگری میں منتخب کیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔