اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان آئندہ عام انتخابات 2018 میں انمٹ سیاہی کے استعمال کو یقینی بنائے گا اور غیر ملکی مبصرین کو انتخابی عمل دیکھنے اور اس کا معائنہ کرنے کا پورا موقع فراہم کرے گا۔
الکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انمٹ سیاہی کے چار لاکھ چھ ہزار 485 مارکر استعمال ہوں گے اور پانچ لاکھ 59 ہزار 125 اسٹمپ پیڈ تیار کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق پنجاب کے لیے کم سے کم دو لاکھ 30 ہزار ان مٹ مارکر اور تین لاکھ 13 ہزار اسٹمپ پیڈ استعمال ہوں گے۔ سندھ میں 94 ہزار 341 ان مٹ مارکر اور ایک لاکھ 32 ہزار 741 اسٹمپ پیڈ استعمال ہوں گے۔ خیبرپختنونخوا کیے لیے 62 ہزار94 اور بلوچستان کے لیے 20 ہزار 50 ان مٹ مارکر تیار کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس خبر کو بے بنیاد قراردیا کہ غیر ملکی مبصرین کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی کوئی کوشش ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے غیر ملکی مبصرین انتخابی عمل کا اہم جزو ہوتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نےدعویٰ کیا کہ جامع منصوبہ بندی کررہے ہیں کہ غیر ملکی ماہرین کو انتخابی عمل کے دن کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔