گریویٹی انڈسٹریز کے سی ای او اور برطانوی فوج کے درمیان اگر معاملات طے پا گئےتو بہت جلد برطانوی فوجی آئرن مین کی طرح ہوا میں برق رفتاری سے اڑنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گے۔
جیٹ سوٹ کے خالق اور گریویٹی انڈسٹریز کے سی ای او رچرڈ براؤننگ نے برطانوی فوج کے اہم عہدیداروں کے سامنے اپنے جیٹ سوٹ کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
فارن بورو میں آرمی پیپلز کانفرنس کے دوران رچرڈ براؤننگ نے جیٹ سوٹ پہن کر ہوا میں اڑنے کا مظاہرہ کیا۔ اس جیٹ سوٹ کو پہن کر انسان 130 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔پانچ سلینڈرز پر مشتمل یہ سوٹ 12 ہزار فٹ کی بلندی تک لے جا سکتا ہے۔
برطانوی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ جیٹ سوٹ کی کارکردگی اس لیے دیکھی گئی تا کہ مستقبل میں اسے برطانوی فوج کے زیر استعمال لایا جا سکے۔
اس مظاہرے کے دوران رچرڈ براؤننگ نے جیٹ سوٹ پہن کر مختلف طرز کی سطح سے اڑان بھرنے اور لینڈ کرنے کا مظاہرہ کیا۔
رچرڈ براؤننگ اس سے قبل سال کے آغاز میں رائل میرینز کے سامنے بھی جیٹ سوٹ پہن کر ہوا میں اڑنے کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔