راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہان اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیرصدارت مسلح افواج کے سربراہان کا اجلاس ہوا۔ جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔
اجلاس میں سیکیورٹی امور سمیت اسٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں کے امور پر گفتگو کی گئی جبکہ اجلاس میں خطے بلخصوص افغانستان کی تازہ صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا
آئی ایس پی آر کے مطابق درپیش چیلنجز اور ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے مسلح افواج کے پلان پر بھی غور کیا گیا جبکہ تیزی سے بدلتی صورتحال اور پیشرفت کے تناظر میں روایتی پالیسیوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان نے ہر طرح کے خطرات کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز قومی امنگوں کے مطابق کام کر رہا ہے تاکہ پاکستان کے دفاع اور قومی سلامتی کا تحفظ کیا جاسکے۔
چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان کو درپیش ہر طرح کے دفاعی و سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلح افواج کے مربوط اشتراک کو سراہا۔