بھارت میں شہری ہوا بازی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ طالبان نے کابل سے پروازیں دوبارہ بحال کرنے کے لیے ایک مکتوب بھیجا ہے۔
بھارت کے ڈائریکٹر جنرل آف سول ایویشین کو جو خط لکھا گیا ہے، اس کے مطابق طالبان نے افغانستان کی ’کام ایئر‘ اور سرکاری کمپنی ’آریانہ افغان ایئر لائن‘ کی پروازیں کابل اور نئی دہلی کے درمیان دوبارہ شروع کرنے کی اجازت طلب کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈی جی سی اے کے ڈائریکٹر کی جانب سے اس خط کے موصول ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ چونکہ یہ پالیسی سازی کی بات ہے اس لیے اس پر فیصلہ شہری ہوا بازی کی وزارت کو کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قطر طالبان کے اقدامات سے مایوس
پندرہ اگست کو کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد سے افغانستان اور دنیا کے بیشتر ممالک کے درمیان پروازوں کی آمد و رفت بحال نہیں ہو پائی ہے، طالبان کی کوشش ہے کہ فضائی آمد و رفت پہلے جنوبی ایشیا میں بحال کی جائے۔
امریکی اور دیگر بیرونی افواج کے انخلاء کے وقت کابل ایئر پورٹ عالمی توجہ کا مرکز تھا جہاں سے امریکا، یورپ اور بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک نے وہاں سے شہریوں کو نکالنے کے لیے ایک خاص مہم شروع کر رکھی تھی۔ اس کے لیے جنگی طیاروں کا بھی استعمال کیا گیا۔
ان تمام کوششوں کے باوجود اب بھی افغانستان میں ایسے ہزاروں لوگ ہیں جو ملک سے نکلنا چاہتے ہیں تاہم پروازوں کی قلت کے سبب پھنسے ہوئے ہیں۔