استعفیٰ نہیں دے رہا ،حکومت مدت پوری کرے گی: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے واضح کیا کہ میں استعفیٰ نہیں دے رہا، حکومت 31 مئی کی رات تک اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کرچلایا گیا اورطویل انٹرویو میں تین سطورکواچھا لا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کا انٹرویو بھارتی میڈیا نے اپنے مقصد کے لیے اچھالا، ہمیں بھارتی پراپگنڈے کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے کبھی نہیں کہا کہ حملہ آور پاکستان سے تھے، پاکستان نے کبھی دہشت گردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملاقات میں اپنے بیان کی وضاحت کردی ہے ۔ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف نے کہا ہے کہ  میرا انٹرویوغلط انداز سے پیش کیا گیا اور نان اسٹیٹ ایکٹرز سے متعلق بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر رپورٹ ہوا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعظم کی پریس کانفرنس سرکاری ٹی وی چینل پربھی براہ راست نہیں دکھائی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صبح  قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی تھی ۔ کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیہ میں نوازشریف کے بیان کو مسترد کردیا تھا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نواز شریف  کے اخبار میں شائع ہونے والے بیان کو گمراہ کن اور غلط قراردیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں