ڈرنا ہے نہ گھبرانا، جم کے کھیلنا، کپتان کی قومی ٹیم کو تھپکی، کچھ مشورے


وزیر اعظم عمران خان نے قومی ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کو بے خوف ہو کر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورہ دے دیا۔

ہم نیوز کے مطابق کے مطابق وزیراعظم سے آج  قومی ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ نے ملاقات کی جس میں عمران خان نے کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق قیمتی مشورے دیئے۔

ملاقات کا آغاز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے تعارف سے ہوا، وزیراعظم نے کھلاڑیوں سے اپنے کرکٹ کیرئیر کے تجربات شیئر کیے۔

وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ کے دورہ منسوخی کا بہترین پرفارمنس سے جواب دیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے،آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے کامیابی کے اصول وضع کر رکھے ہیں، کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات بنایا ہے،انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے، ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا، آپ کو پیسے کے بت کو توڑنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ کو ٹیم اور قوم کیلئے کھیلنا ہے،پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں، پوری قوم آپ کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے،آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے، میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں۔

انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے،میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو جارہانہ انداز میں کھیلنا ہے، دفاعی نقطہ نظر سے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیتتی، ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا۔

انہوں نے کہا کہ ہار سے انسان سیکھتا ہے، کوئی بھی کامیاب شخص ایسا نہیں گزرا جو زندگی میں ہارا نہ ہو،دن کے اختتام پر اپنا محاسبہ کرنے سے انسان اپنی غلطیوں کو سدھارتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں، پریشر سے لطف اندوز ہونا سیکھیں،وکٹ لینے پر کام کریں،رن روکنا اور وکٹ لینا دو الگ چیزیں ہیں،محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں، پوری قوم کی ٹیم سے امیدیں وابستہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی سی بی کا نیشنل ٹی20 کپ راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 24 اکتوبر کو ہو گا۔

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، نائب کپتان شاداب خان اور آصف علی شامل ہیں۔اعظم خان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، خوشدل شاہ اور محمد حفیظ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔


متعلقہ خبریں