انڈو نیشیا کے تین گرجا گھروں پر حملے،نو ہلاک 40 سے زائد زخمی


جکارتہ: انڈونیشیا کے شہر سورابایا کے تین گرجا گھروں میں ہونے والے ایک خودکش حملے اور دو دھماکوں سےنو افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

موصول اطلاعات کے مطابق دھماکے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح سات بجے ہوئے۔ معمول کے تحت اتوار کے دن گرجا گھروں میں عبادت (سنڈے سروس)کی جاتی ہے اور اس میں شرکت کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔

پولیس حکام نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ تینوں دھماکے دس منٹ کے وقفے سے ہوئے ہیں۔

مشرقی جاوا پولیس کے ترجمان کے مطابق خودکش دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے حکام نے جائے وقوعہ کے گرد عام افراد کے داخلے پر پابندی عائد کرکے ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے ہیں۔

دھماکوں کے بعد سورابایا میں تمام گرجا گھروں کو بند کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق گرجا گھروں میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

گزشتہ روز ہی انڈونیشیا کے شہر بوگور میں منعقدہ ایک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان، افغانستان اور انڈونیشیا کے جید علمائے کرام اور دینی اسکالرز نے پر تشدد شدت پسندی اور دہشت گردی کو غیر اسلامی قرار دیا تھا۔

کانفرنس کا افتتاح انڈونیشیا کے صدر جوکوویدودو نے کیا تھا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں انڈونیشیا کے صدر نے کہا تھا کہ علما امن کے داعی ہیں اور ان کے پاس یہ قوت ہے کہ وہ لوگوں کا پرامن چہرہ اجاگر کرسکیں۔


متعلقہ خبریں