یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر طلبہ کی ویکسی نیشن شروع


حکومت نے یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر کے افراد بشمول طلبہ کے لیے کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان کردیا جبکہ جہاز، ٹرین اور میٹرو بس میں سفر کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں ویکسی نیشن کا سلسلہ جار ی ہے، یکم ستمبر سے 17سال سے زائد افراد کے لیے ویکسین شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ڈوز ویکسین نہ لگوانے پر اسکول میں حاضری کی اجازت نہیں ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں 89 فیصد اساتذہ اور عملے کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔ 31 اگست کے بعد اسکول ٹرانسپورٹرز بغیر ویکسین کام نہیں کرسکیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن نہ ہونے پر فضائی سفر نہیں ہوسکے گا۔ 30 ستمبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن نہ کرنے والے پاکستان نہیں آسکتے۔ ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز میں بھی 30 اگست سے 30 ستمبر کی پابندیاں لاگو ہوں گی۔

مزید پڑھیں: امریکہ نے فائزر ویکسین کے استعمال کی مکمل منظوری دیدی

سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ ہزاروں ویکسی نیشن سینٹرز کھلے ہیں اور موبائل سینٹرز بھی فعال ہیں۔ میٹرو بس اور ٹرین پر 15 ستمبر کے بعد ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والے سفر کرسکیں گے۔ 17 سال یا زائد عمر کے طلبہ 15 ستمبر تک ویکسین لازمی لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص ممالک میں سفر کرنے کے لیے مخصوص ویکسین لگائی جائے گی۔ جن کی قوت مدافعت کمزور ہے ان کو 6 ماہ بعد بوسٹر شوٹ لگایا جائے گا۔

فیصل سلطان نے کہا کہ فیک کورونا سرٹیفکیٹ بنانے اور بنوانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔  اگر فیصلہ ہو تو یکم اکتوبر سے بوسٹر شاٹ لگایا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں