پاک افغان سیریز، قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کریں گے

شاداب خان کی رمیز راجہ سے ملاقات

سری لنکا میں افغانستان کے خلاف  ون ڈے سیریز کیلئے قومی ٹیم نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس میں قومی ٹیم کی کپتانی شاداب خان کریں گے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں شیڈول تین میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت محمد رضوان، شاہین آفریدی اور حسن علی کو آرام دیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد عامر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کر دی

رپورٹ کے مطابق بورڈ کی جانب سے یہ فیصلہ کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو کم کرنے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تناظر میں  لیا گیا ہے ۔ چاروں کرکٹرز گزشتہ ایک سال سے متواتر طور پر مختلف سیریز کھیلتے آ رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ گزشتہ دس ماہ کے دوران ہم مسلسل سیریز کھیلتے آ رہے ہیں اور وہ بھی بائیو ببل میں جو کہ کافی مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے اہم ہدف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے، جس کی وجہ سے ہمارے اہم کھلاڑیوں کو آرام درکار ہے تاکہ وہ ورلڈ کپ کے لیے تازہ دم ہو کر آئیں۔

افغان کرکٹ آفیشل کےمطابق طالبان نے کہا ہے کہ وہ افغان قومی کرکٹ ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ٹی 20 لیگ کو بھی نہیں روکا جائے گا۔ کرکٹ افغانستان کا سب سےمقبول کھیل ہے، اور حالیہ عرصے میں کھیلوں کے میدان میں بڑی کامیابی کے طور پر سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کی سری لنکا میں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ستمبر میں شیڈول ہے۔

 


متعلقہ خبریں