اسلام آباد: پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کی زندگی پر بنائی جانے والی ٹیلی فلم کی پہلی جھلک منظر عام پر آ گئی۔
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے کے متعلق خبر زیر گردش تھی کہ وہ آئی ایس پی آر کے ایک پروجیکٹ پر کام کر رہی ہیں اور راولپنڈی کے آرمی میڈیکل کالج میں فلم کی عکس بندی میں مصروف ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے یو ٹیوب چینل پر ماہرہ خان کی نئی ٹیلی فلم “ایک ہے نگار” کا ٹیزر جاری کر دیا جس میں ماہرہ خان کو پاک فوج کے یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے۔
پاکستان کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر پر بننے والی ٹیلی فلم نجی ٹی وی سے نشر کی جائے گی جس میں ماہرہ خان، بلال اشرف اور سہیل سمیر سمیت دیگر اداکار دکھائی دیں گے۔
ٹیلی فلم “ایک ہی نگار” کی لکھاری عمیرہ احمد ہیں اور اس کے ہدایت کار عدنان سرور ہیں۔ ٹیلی فلم کی پروڈیوسرز نینا کاشف اور ماہرہ خان ہیں۔
واضح رہے کہ نگار جوہر پاکستانی تاریخ میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر فائز ہونے والی واحد خاتون ہیں اور ان کا تعلق آرمی میڈیکل کور سے ہے۔