بنوں میں ریموٹ کنٹرول دھماکہ،پولیس اہلکار شہید دس زخمی


بنوں: خیبرپختونخوا کے ضلع  بنوں میں دھماکے سے ایک پولیس اہلکار شہید اوردس افراد زخمی ہوگئے۔  دھماکہ کوہاٹ روڈ جنرل بس اسٹینڈ پر ہوا جس میں پولیس کی گاڑی کونشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں، بم ڈسپوزل یونٹ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

امدادی ٹیموں نے زخمی پولیس اہلکاروں سمیت دیگر کو طبی امداد کے لیے بنوں کے ڈسٹرک  ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا جس سے پولیس کی گاڑی سمیت قرب وجوار کی عمارات اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ثبوت و شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے ہیں۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق ریموٹ کنٹرول دھماکے کا نشانہ پولیس وین تھی ۔


متعلقہ خبریں