راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں 2 فوجی جوان حوالدار سلیم اور لانس نائیک پرویز شہید ہو گئے۔
پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ حوالدار سلیم شہید کی عمر 43 سال اور لانس نائیک پرویز شہید کی عمر 35 سال تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کو متواتر اپنے علاقے میں مؤثرسرحدی انتظام یقینی بنانے کا کہا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے فوجی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سر زمین سے پاکستانی علاقوں میں دہشت گردی افسوسناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مقامی سطح پر ایک اور وینٹی لیٹر تیار
انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے دہشت گردی کی کارروائیوں کو ختم ہونا چاہیے۔ پاکستان اپنے بارڈرز کو مزید محفوظ اور مضبوط بنائے گا۔ پاک افواج کی وطن کی سلامتی کی خاطر قربانیاں لازوال ہیں۔