کراچی: کراچی میں سرکاری قیمت پر با آسانی پانی کی فراہمی کے لیے قائم واٹر بورڈ کا چند روز قبل قائم کیا گیا آن لائن سسٹم ناکام ہوگیا۔
ہم نیوز کے مطابق کراچی میں پانی کی قلت کے دوران واٹر ٹینکر مہنگے داموں میں فروخت ہونے لگے تو واٹربورڈ کے صدر دفتر میں آن لائن نظام قائم کیا گیا۔ پانچ روز قبل آن لائن سسٹم کا آغاز ہوا تو ضرورت مند شہریوں کا تانتا بندھ گیا تاہم سسٹم چار گھنٹے چلنے کے بعد کریش کرگیا۔
دو کروڑ کی آبادی والے شہر میں لوگوں کی سہولت کے لیے صرف تین ٹیلی فون لائنیں رکھی گئیں جس کے نتیجے میں پانی کے متلاشی رابطہ کرتے رہے مگر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
شہر قائد کے باسیوں کو رعایتی نرخوں پر واٹرٹینکر فراہم کرنے کے لیے قائم آن لائن سسٹم ناکارہ ثابت ہوا جس کی وجہ سے کئی روز گزر جانے کے باوجود پانی کے متلاشی افراد کا رش ختم نہیں ہوسکا ہے۔
ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کا کہنا تھا کہ آن لائن سروس فی الحال تجرباتی بنیاد پر شروع کی گئی ہے اسے جلد ہی مکمل فعال بنا دیا جائے گا۔