راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار آج رکن پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ میری سوچ اور مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جبکہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنا اور میدان کھلا چھوڑنا بڑی سیاسی غلطی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حلف اٹھانے کا فیصلہ عوام کے ساتھ مشاورت سے کیا ہے کیونکہ سیٹ چھوڑ کر ضمنی الیکشن میں حصہ لینا عجیب منطق ہو گی۔
چوہدری نثار علی نے کہا کہ حلف لینے کا مقصد حلقے میں سیاسی حالات اور محرکات کو کنٹرول کرنا ہے اس کے علاوہ عوام کو کورونا سے بچانا بھی حلف لینے کی وجہ بنا۔
یہ بھی پڑھیں: اگر جہانگیر ترین نے غیر قانونی کام نہیں کیا تو وہ سرخرو ہوجائیں گے، اسد عمر
واضح رہے کہ گزشتہ عام انتخابات کے موقع پر چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا اور قومی اسمبلی کی کسی نشست پر کامیابی حاصل نہیں کر پائے تھے۔
انہوں نے آزاد حیثیت میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر انتخاب جیتا تھا۔ چوہدری نثار پی پی 10 راولپنڈی سے کامیاب ہوئے تھے مگر ابھی تک انہوں نے رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا۔