وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا، نیب کی طرف شہباز شریف کا کیس آیا ہے، جس میں شہباز شریف کے فیملی ممبر مفرور ہیں۔
عید نماز کے بعد راولپنڈی میں لال حویلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہم نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا، رات کو کابینہ میں سمری بھیجی تھی۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کے لوگ وطن آنا چاہتے ہیں، مگر ہمارے چور ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔
نیب نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔
شیخ رشید نے گزشتہ روز کہا تھا کہ آرٹیکل 25 بھی یہ کہتا ہے کہ جب باقی ملزم ای سی ایل پر ہوں تو کسی ایک ملزم سے خصوصی سلوک نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا عدالت کا ایک فیصلہ بلیک لسٹ کے حوالے سے ہے لیکن شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ پر نہیں ہے بلکہ 7 مئی 2021 کے آرڈر پر ہیں۔
تین چیزیں ہوتی ہیں، نمبر ایک بلیک لسٹ جو پاسپورٹ آفس ڈالتا ہے، دوسرا پی این آئی ایل جو ایف آئی اے ڈالتا ہے اور تیسرا کابینہ کی تین رکنی کمیٹی نے فیصلہ کرکے کابینہ کو بھیجنا ہوتا ہے۔
تین رکنی کمیٹی نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کو درست تصور کیا اور متفقہ طور پر کابینہ کو سفارش کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف 15 دن کے اندر ہمیں نظرثانی کی درخواست دے سکتے ہیں۔ وزارت داخلہ کو 90 روز میں ان کی درخواست کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کے لئے عدالت سے اجازت طلب کی تھی، جس پر عدالت نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی تاہم قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست وزارت داخلہ کو بھجوائی تھی۔