وزیراعظم کامیاب دورہ سعودی عرب کےبعد وطن واپس پہنچ گئے


پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے کامیاب تین روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا ہے کہ دونوں ممالک نے معاشی، تجارتی اور سفارتی تعلقات مستحکم کرنے کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے دورہ بہت کامیاب رہا۔ سعودی عرب میں وزیر اعظم کی ہر لحاظ سے عزت افزائی خوش آئند ہے۔

سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

وزیر اعظم کے لئے خانہ کعبہ کے دروازے خصوصی طور پرکھولے گئے جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے۔

مسجد نبویؐ میں رہتے ہوئے وزیر اعظم کو خصوصی طورپر روضہ رسولؐ کی زیارت کا شرف حاصل ہوا جسے الحجرت النبویات الشریفہ بھی کہا جاتا ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات ہوئی۔ اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات سے متعلق گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم نے او آئی سی کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خلاف ٹھوس ردعمل پر زور دیا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر سے متعلق تنظیم کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ او آئی سی نے مستقل طور پر کشمیر کے مقصد کی حمایت کی ہے۔

امام کعبہ نے بین المذاہب کے فروغ کیلئے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی اور کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔ امام کعبہ اور وفد کی جانب سے دورے کے مشترکہ اعلامیہ کی بھی حمایت کی گئی اور کہا گیا کہ پاکستان اور وزیراعظم کے اقدامات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں، وزیراعظم نے امام کعبہ اورعلماکرام کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے امام کعبہ نے قبول کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان سے مکہ میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی بھی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے اسلامو فوبیا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانے پر زور دیا۔


متعلقہ خبریں