کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر 8 جون کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق 22 ذوالحج 1447 ہجری، بمطابق 8 جون کو شہر میں مقامی تعطیل ہوگی۔
وفاقی تعلیمی اداروں میں بھی گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیا گیا
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ تعطیل سٹی کونسل کراچی کی جانب سے منظور کردہ قرارداد کی روشنی میں دی جا رہی ہے۔ تعطیل کے دوران کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام تمام دفاتر بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق وہ تمام ادارے اور دفاتر جو ضروری اور ہنگامی نوعیت کی خدمات انجام دیتے ہیں، معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ مقامی تعطیل کے فیصلے کی باقاعدہ منظوری مجاز اتھارٹی نے دی ہے، جس کے بعد اس فیصلے سے متعلق تمام متعلقہ محکموں اور شعبہ جات کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ نوٹیفکیشن پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان
واضح رہے کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار کراچی کے اہم مذہبی اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال عرس کی تقریبات میں ملک بھر سے عقیدت مند بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ عرس کے موقع پر مختلف مذہبی اور روحانی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے جاتے ہیں۔
شہری حلقوں نے مقامی تعطیل کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عرس کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوں گی اور زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
