واشنگٹن: امریکی اور برطانوی دفتر خارجہ نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ڈیل کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے نشر ہونے والی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ڈیل ہوچکی ہے۔
اس خبر کی بھی تردید کی گئی کہ امریکیوں نے ایران میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار 4 امریکیوں کی رہائی کے بدلے تہران کے منجمد کیے گئے 7 ارب ڈالر جاری کرنے کی حامی بھرلی ہے۔
گزشتہ روز ایران کے سرکاری میڈیا نے اپنی رپورٹ میں نامعلوم ذرائع کے حوالے سے رپورٹ جاری کی تھی جس میں برطانیہ کے حوالے سے بھی کہا گیا تھا کہ اگر برطانیہ نے تہران کے فوجی آلات کی مد میں قرضے ادا کردیے تو برطانوی نژاد نازین ضیغری ریٹ کلف کو بھی رہا کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ نے بھی ایرانی سرکاری میڈیا کی اس رپورٹ کی بھرپور تردید کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ اور ایران کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق
نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ ہم ہمیشہ ایران میں زیر حراست اور لاپتہ ہونے والے امریکیوں کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں اور ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک انہیں ان کے گھروالوں سے ملا نہیں دیتے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کے چیف آف اسٹاف رون کلین نے بھی ایران کے سرکاری میڈیا کی خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان چار امریکیوں کی رہائی کے لیے ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔