وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت آئندہ بجٹ اورملکی معیشت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اسپیکر، وفاقی وزرا، گورنراوروزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔
اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے تجاویز طلب کی ہیں۔
اس کے علاوہ ملکی معیشت، مہنگائی کوروکنے کیلئے حکمت عملی اورآئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ آئندہ بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگا جس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پر ہو گی ۔حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ رواں ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ کورونا، اسمارٹ لاک ڈاؤن سے پہلے محصولات کی شرح پچھلے سال اپریل سےزیادہ ریکارڈ کی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے۔ مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔