امریکا کیخلاف اب حملوں کا امکان نہیں،امریکی وزیر خارجہ


امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا ہے دہشت گردی کا خطرہ کہیں اور منتقل ہوچکا ہے اور اب امریکا کے خلاف حملوں کا امکان نہیں۔ القاعدہ کمزور پڑ چکی ہے۔

واشنگٹن میں مڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ایجنڈے میں چین سے تعلقات، ماحولیاتی تبدیلی، کورونا اور دیگر معاملات شامل ہیں۔

انتھونی بلنکن کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس افغانستان کے معاملات اور ممکنہ خطرات پر نظر رکھے گی۔

انہوں نے کہا ہم اپنی طاقت اور وسائل اب ماحولیاتی تبدیلی، کورونا وائرس اور دیگر معاملات میں صرف کریں گے۔ افغانستان سے جو مقاصد حاصل کرنا تھے وہ حاصل کرلیے۔

خیال رہے کہ امریکہ نے 11 ستمبر 2021 تک افغانستان سے اپنی افواج کے انخلا کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ دنوں بھی انتھونی بلنکن نے کہا تھا کہ امریکہ کبھی بھی افغانستان میں ہمیشہ کے لیے رہنا نہیں چاہتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کا وقت آ گیا ہے تاہم وہاں انسانی امداد جاری رکھیں گے اور  افغانستان کے ساتھ سیکیورٹی پارٹنرشپ مضبوط بنائیں گے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے طالبان سے معاہدہ کیا تھا کہ وہ اپنی افواج مئی تک افغانستان سے نکال دیں گے۔ ایک اندازے کے مطابق20 سالوں سے جاری افغان جنگ میں غیرملکیوں سمیت2 لاکھ 41 ہزار اموات ہوئی ہیں۔

ہلاک ہونیوالوں میں71 ہزار 344 عام شہری، دو ہزار 442 امریکی فوجی اہلکار، 78 ہزار 314 افغان سیکیورٹی اہلکار اور 84 ہزار 191 دیگر جنگجو شامل ہیں۔

 


متعلقہ خبریں