عمران خان کو پاکستان کی نہیں،پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے۔پرویز خٹک


پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کی نہیں، پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ جو بہتر انسان ہو وہی حکمرانی کرے۔انہوں نے کہا کہ میں بجٹ پیش کرنے کے حق میں نہیں ہوں لیکن مشاورت ہورہی ہے،اس کے بعد فیصلہ ہوگا۔

وہ عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی اورنگزیب خان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔

پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے اورنگزیب خان نے کہا کہ باپ دادا کی پارٹی چھوڑنے کی وجہ پاکستان تحریک انصاف کا عوام کے لیے کچھ کرنے کی سوچ رکھنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی جیسی پارٹی 70 سالوں میں نہیں دیکھی۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے کی تاریخ ہے کہ حکومت جاتے ہوئے لوگ پارٹی چھوڑ دیتے ہیں لیکن یہاں لوگ اب آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کو ٹھیک کیا اور تبدیلی کے دعوے پورے کیے ہیں۔

کے پی کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے رپورٹس آرہی ہیں کہ ہر طرف سے لوگوں کی بڑی تعداد پی ٹی آئی میں شامل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نوجوانوں کی پارٹی ہے جس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ایم ایم اے نے اپنی حکومت میں کوئی کام نہیں کیا، اب ان کے لیے صووتحال مختلف ہے۔انہوں نے انتہائی پراعتماد لہجے میں کہا کہ مجھے اپوزیشن لیڈر نے بتایا ہے کہ میرے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آرہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ ٹرانس پشاور کے سی ای او کو کابینہ نے نکالا ہے کیونکہ وہ تاخیری حربے اختیار کررہا تھا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی آرٹی( بس ریپڈ ٹرانزٹ) پر ایسے ہی شور مچایا جارہا ہے، منصوبہ بنانے کے لیے کھدائیاں کرنی پڑتی ہیں۔


متعلقہ خبریں