سکھر: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ الیکشن پاکستان کے ہوں یا دنیا کے، خلائی مخلوق کا کردار تو لازمی ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کے وجود کو سائنس دان بھی تسلیم کرتے ہیں اور یہ بات سب جانتے ہیں کہ خلائی مخلوق آسمانوں پر رہتی ہے، کسی کو دکھائی نہیں دیتی۔
انہوں نے کہا کہ 15 یا 16 مئی تک نگراں وزیراعظم کے نام آجائیں گے۔
قائد حزب اختلاف نے سکھر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس لیڈر شپ نہیں اس لیے دنیا باتیں کررہی ہے تاہم جلد ہمیں بلاول بھٹو کی شکل میں لیڈر شپ مل جائے گی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سیاست میں کوئی آخری ہوتا ہے نہ کوئی دوست۔
ایم کیو ایم پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فاروق ستاراس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کیوں کہ انہیں خود ان کی پارٹی قبول نہیں کررہی۔