نو منتخب سینیٹر خالدہ اطیب عدت میں، ایم کیو ایم پریشان


سینیٹ چیئرمین کے انتخاب سے محض ایک روز قبل نو منتخب سینیٹر کی عدت میں ہونے کے سبب حکومتی حلیف جماعت متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو نئی پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ایم کیوایم کی نو منتخب سینٹر خالدہ اطیب آج کل عدت میں ہیں جس کے سبب انہیں سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں حصہ لینے کیلئے شرعی مسٗلہ پیدا ہوگیا ہے۔

خالدہ اطیب سندھ سے خواتین کی مخصوص نشست پر حالیہ انتخابات میں ایم کیو ایم کی سینیٹر منتخب ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن نے سینیٹ انتخاب پیسے کے بل بوتے پر جیتا، وزیراعظم 

ہم نیوز کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر کشور زہرہ نے خالدہ اطیب سے رابطہ کیا ہے اور عدت ختم کرنے کے لیے فتوی لینے کا مشورہ دیا ہے۔

خالدہ اطیب نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بنوریہ اور دارالعلوم کورنگی سے فتوی مانگا ہے، فتوی کی روشنی میں اپنا فیصلہ کروں گی۔

خیال رہے کہ کل بروز جمعرات کو سینیٹ کے نئے چیئرمین کے لیے انتخابات ہورہے ہیں۔ اس حوالے سے اپوزیشن اور حکومتی سیاسی توڑ جاری ہے۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ نے مشترکہ طور پر یوسف رضا گیلانی جبکہ حکومت اور حلیف جماعتوں نے صادق سنجرانی کو امیداور نامزد کیا ہے۔ دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔


متعلقہ خبریں