فیصل واؤڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واؤڈا کی سینیٹ انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔

فیصل واؤڈا نے سینیٹ کا الیکشن تو جیت لیا تاہم آج الیکشن کمیشن میں فیصل واؤڈا کا بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جھوٹے بیان حلفی پر فیصلے تک فیصل واؤڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے کیونکہ فیصل واؤڈا صادق اور امین نہیں رہے۔

مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرا دی۔ جس میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واؤڈا کی نااہلی کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کی جائے کیونکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کہہ چکی ہے کہ فیصل واؤڈا کا حلف نامہ جھوٹا ہے اور فیصل واؤڈا نہ الیکشن کمیشن اور نہ ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے خود اعتماد کا ووٹ لینے کی آئین میں جگہ نہیں، شاہد خاقان

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں فیصل واؤڈا کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ فیصل واؤڈا کے وکیل نے کہا کہ قادر خان مندوخیل اور دیگر نے الیکشن کمیشن میں براہ راست شکایت درج کی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی فیصل واؤڈا کیس میں حکم نامہ جاری کیا ہے۔ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ طلب کر لیا۔


متعلقہ خبریں