یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر

یوسف رضا گیلانی کے نام پر مہر لگانے والے 7 سینیٹرز خود سامنے آگئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں یوسف رضا گیلانی کے بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن میں درخواست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب، ملیکہ بخاری اور کنول شوزب نے دائر کی ہے۔

دائر درخواست میں وزیر اطلاعات سندھ  ناصر حسین شاہ کی آڈیو ٹیپ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو چیلنج کرنے کا اعلان

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ  یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی ارکان اسمبلی کو رشوت دیتے رہے جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز نے اپنی تقریر میں ٹکٹ دینے کے وعدے کا اعتراف کیا۔

درخواست میں استداعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن مریم نواز کیخلاف قانونی کارروائی کرے اور علی حیدر گیلانی کو نااہل قرار دے دے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت نے سینیٹ میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ قومی اسمبلی میں سات ووٹ مسترد ہوئے ہیں۔ جیت کا فرق صرف پانچ ووٹوں کا ہے۔ یوسف رضا کی جیت کے نتائج کو چیلنج کریں گے۔


متعلقہ خبریں