کراچی: اسٹیٹ بینک کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 17.87 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملکی زر مبادلہ ذخائر بڑھ کر 20.08 ارب ڈالر ہو گئے ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 19 کروڑ ڈالر اضافے سے 12.93 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔
کمرشل بینکوں کے ذخائر ایک کروڑ ڈالر کم ہو کر 7.15 ارب ڈالر ہو گئے۔ اکتوبر میں جاری کھاتے کا توازن مزید بہتر ہو گیا اور اکتوبر میں جاری کھاتا 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سر پلس رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری کھاتے کا توازن بہتر بنانے میں ترسیلات میں اضافے نے اہم کردار ادا کیا۔ ستمبر میں جاری کھاتا 5 کروڑ 90 لاکھ ڈالر سر پلس رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیائی بینک پہلی بار پاکستانی روپے میں بانڈ جاری کرے گا
جاری کھاتے کا بیلنس مسلسل 4 ماہ سے فاضل رہا ہے۔ جولائی سے اکتوبر تک جاری کھاتے کا مجموعی فاضل بیلنس 1.2 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں جاری کھاتے کو 1.4 ارب ڈالر کا خسارہ تھا۔