ماضی جیسی صورتحال ہوئی تو اسکول بند کرنے پڑیں گے، مرادراس



اسلام آباد: وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ جن تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں انہیں سیل کررہے ہیں اور اگر ماضی جیسی صورتحال ہوئی تو اسکول بند کرنے پڑیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام’صبح سے آگے‘ میں بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں رنڈم ٹیسٹنگ ہورہی ہے۔ بچوں اور اساتذہ کی زندگیاں زیادہ ضروری ہیں۔

وزیرتعلیم پنجاب نے کہا کہ مارکیٹس اور ریسٹورنٹس میں ایس ا وپیز کی زیادہ خلاف ورزی ہورہی ہے۔ کورونا کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ سماجی تقریبات ہیں۔

ان کا کہنا تھا تاثر دیا جارہا ہے پنجاب کے وزیر تعلیمی ادارے بند نہیں کرنا چاہ رہے۔ مراد راس نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں اسکول بند نہیں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آن لائن ایجوکیشن سے مطمئن نہیں ہیں۔ آن لائن ایجوکیشن میں طلبا اساتذہ پر توجہ نہیں دیتے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا میں اضافہ، وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس طلب

خیال رہے کہ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم نے ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جو16 نومبر ہوگا۔

تعلیمی اداروں میں مثبت کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں جلدی اور زیادہ کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

پاکستان کے متعدد تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ملک میں بھی کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کیسز سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ نے 3 یونیورسٹیوں  کے متعلقہ شعبوں اور کلاسز کے ساتھ ساتھ 79 تعلیمی ادارے اب تک بند کردیے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک  متعدد تعلیمی اداروں کو دو یا دو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا جا چکا ہے۔ اسلام آباد میں جو تعلیمی ادارے سیل کیے گئے ہیں ان میں بڑی تعداد نجی تعلیمی اداروں کی ہے۔


متعلقہ خبریں