ہم دو سال سے نظام ٹھیک کر رہے ہیں، زلفی بخاری


اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ  لوگ پوچھتے ہیں کہ دو سال سے ہم کیا کر رہے ہیں، ہم دو سال سے نظام ٹھیک کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن (او پی ایف) ہاوسنگ اسکیم میں پلاٹوں کا قبضے دینے اور او پی ایف اپارٹمنٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ او پی ایف کی اسکیم کیلئے زمین 1994 میں خریدی گئی اور 2008 میں ایف ڈبلیو او کو ورک ایوارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 1994 سے 2008 تک اس زمین کے ساتھ کیا گیا؟ 20 سال تک اوورسیز پاکستانیز کا پیسہ پھنسا رہا۔ لوگ پوچھ رہے ہیں حکومت کیا کررہی ہے۔ حکومت 20, 20 بیس سال کا گند صاف کررہی ہے۔

مزید پڑھیں: ہنرمند افرادی قوت برآمد کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، زلفی بخاری

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ وزیراعظم کی محنت کے باعث پلاٹوں کے قبضے دینے کے قابل ہوئے۔ زون فائیو کی اس سکیم میں 200 ویلاز بنیں گے۔ آج ہم 50 ویلاز کا افتتاح کررہے ہیں۔ اس اسکیم میں 120 اپارٹمنٹس بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوسائٹی میں چار سکول، پارکس اور ہوٹل بنائیں گے۔ اس سوسائٹی میں زراعت کیلئے منی ڈیم بھی بنایا گیا۔ 30 کنال کی زمین میں پانی نکال کر پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ یہ ایک سو فیصد ڈیجیٹلائز سوسائٹی ہے جس میں زمین کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری  نے کہا کہ لاہور میں بھی او پی ایف کے دو منصوبے لارہے ہیں۔ زمین کب کی خریدی گئی ہے لیکن فیزیبلیٹی بھی نہیں ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں