کابل میں خودکش دھماکوں میں صحافیوں سمیت 25 ہلاک


کابل: افغان دارالحکومت کے وسطی علاقے میں دو خود کش دھماکوں سے صحافیوں سمیت 25 افراد ہلاک اور 47 سے زائد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا خود کش حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے وسطی کابل کے ششدرک نامی علاقے میں ہوا۔ موٹرسائیکل سوار خود کش حملہ آور نے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے دفتر کے قریب خود کو اڑایا۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 20 منٹ بعد دوسرا خود کش حملہ اس وقت کیا گیا جب امدادی کارکن اور صحافی جائے وقوعہ پر موجود تھے۔

اطلاعات کے مطابق سات صحافی دوسرے خودکش حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ فرانسیسی خبررساں ادارے ایجنسی فرانس پریس(اے ایف پی) کا کہنا ہے کہ کابل میں ادارے کے چیف فوٹوگرافر شاہ مرائی دھماکوں میں جاں بحق ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبر: بارودی سرنگ دھماکے میں افغان پولیس افسر ہلاک

فرانسیسی ادارے کے مطابق چیف فوٹوگرافر پہلے دھماکہ کے بعد جائے حادثہ پر کوریج کے لئے موجود تھے کہ اسی اثنا میں ہونے والے دوسرے خودکش حملے کا نشانہ بن گئے۔

جرنلسٹ سیفٹی کمیٹی کے ترجمان صادق اللہ توحیدی کے مطابق طلوع ٹیلی ویژن سے وابستہ کیمرا مین بھی خودکش حملے میں ہلاک ہوا ہے۔

کابل پولیس سربراہ کے ترجمان حشمت ستانکزئی کے مطابق پہلا خود کش بمبار موٹرسائیکل پر سوار تھا جب کہ دوسرا پیدل چلتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچا تھا۔

پولیس افسر جان آغا کے مطابق دوسرے خود کش حملے میں پولیس افسران بھی زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں: افغان فوجی مرکز پر حملہ چھ جاں بحق سات زخمی

ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ پہلے دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق جب کہ گیارہ زخمی ہوئے تھے۔ کابل ایمبولینس سروس کے سربراہ محمد عاصم کے مطابق اس کے فورا بعد دوسرا دھماکہ ہوا جس میں ایک صحافی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔

کابل پولیس کے سربراہ داؤد امین کا کہنا ہے کہ دھماکوں کا نشانہ بننے والے علاقے میں غیر ملکی دفاتر بھی واقع ہیں۔ ناٹو کے صدر دفاتر اور متعدد سفارت خانے بھی اسی علاقے میں قائم ہیں۔

وزیراکبر خان اسپتال کے ڈائریکٹر محمد موسی ظاہر کے مطابق متعدد زخمیوں کو طبی مرکز لایا گیا ہے۔

دھماکوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

ایک ہفتہ قبل کابل کے مغربی علاقے میں ووٹر رجسٹریشن مرکز پر ہونے والے دھماکے میں 60 افراد مارے گئے تھے۔

کچھ دیر قبل پیش آنے والے اس واقعہ کی تفصیل اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔ تازہ ترین جاننے کے لیے یہ صفحہ ریفریش کریں۔


متعلقہ خبریں