پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
ترجمان ایئر فورس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق ایئر چیف نے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایڈمرل امجد کی زیر قیادت پاک بحریہ مزید ترقی کرے گی۔
ترجمان کے مطابق دونوں سربراہان نے فضائی اور بحری افواج کے درمیان موجود ہم آہنگی کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی تھی۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ کے چار ریئر ایڈمرلزکی وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی
اس حوالے سے چینج آف کمانڈ کی تقریب اسلام آباد نیول ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی تھی۔ سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے الوداعی خطاب میں محمد امجد نیازی کو سربراہ پاک بحریہ بننے پر مبارکباد دی تھی۔
خیال رہے کہ محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کے22 ویں سربراہ ہیں۔ انہوں نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
انہوں نے کمیشننگ پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی اور وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
پاک بحریہ کے نئے سربراہ کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں فرائض سر انجام دے چکے ہیں اور اس وقت چیف آف اسٹاف (آپر یشنز) کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
وہ آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چائنہ کے گریجویٹ ہیں۔
گزشتہ سال پاکستان بحریہ کے چار رئیر ایڈمرلز کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی، جن میں محمد امجد خان نیازی بھی شامل تھے۔