پنجاب میں میڈیکل اسٹورز کی ہڑتال: تین دن میں عوام رل گئے


لاہور:پنجاب ڈرگ ایکٹ2017 کے خلاف میڈیکل اسٹورز کی بندش سے مریض جان کی بازی ہارنے لگے۔

گزشتہ تین روز سے صوبہ پنجاب کے میڈیکل اسٹورز مالکان نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کررکھی ہے ۔

عوام الناس کو ادویات کے کاروبار کی بندش کے سبب ادویات کے حصول میں سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

شٹر ڈاؤن ہڑتال میں ریٹیلرز،ڈسٹری بیوٹرز،ہول سیلرز اور ہربل میڈیسن اسٹورز کے مالکان بھی شریک ہیں۔

ہڑتال کے باعث نشتر روڈ،گھنٹہ گھر،چونگی نمبر نو،ممتاز آباد،قذافی چوک،راجن پور،گوجرہ،حافظ آباد اور پاکپتن سمیت دیگر علاقوں میں ادویات کی دکانیں مکمل بند ہیں۔

کیمسٹ ایسوسی ایشن کے صدر اظہر قیوم اورجنرل سیکرٹری خالد اختر نےکہا ہے کہ یہ ملک کی تاریخی ہڑتال ہوگی جوڈرگ ایکٹ کی واپسی تک جاری رہے گی۔

میڈیکل اسٹورز مالکان کا کہنا ہے کہ ڈرگ  ایکٹ ترمیمی بل 2017 ہمیں بے روزگار کرنے مترادف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت  ڈرگ ایکٹ 1976 دوبارہ بحال کرے۔

پنجاب حکومت نے 14 فروری 2017 کو ڈرگ ایکٹ 1976 میں ترمیم  کے بعد ڈرگ ایکٹ 2017 کا قانون منظور کیا تھا ۔

پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 کا مقصد جعلی اورغیر معیاری ادویات  فروشوں کی  بیخ  کنی کرنا تھا۔

ڈرگ ایکٹ 2017  کے نفاذ کے بعد ناقص ادویات کی فروخت پر پانچ سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

جعلی ادویات فروخت کرنے پر پانچ سال قید اور پانچ کروڑ روپےجرمانہ کی سزا دی جاسکے گی۔

پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 کے تحت جھوٹی رپورٹ دینے پر تین سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

بغیر لائسنس ادویات کی  فروخت پر دس سال قید اور دوکروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ کے علاوہ جائیداد کی ضبطگی بھی کی جاسکے گی۔

میڈیکل اسٹورز مالکان کو اس بات کا بھی پابند کیا گیا ہے کہ ادویات کی فروخت کے وقت وہ مستند فارمیسٹ کی موجودگی یقینی بنائیں گے۔

ادویات کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے میڈیکل اسٹورز پر پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ دکان میں مطلوبہ ٹمپریچر برقرار رکھیں گے۔

ڈاکٹرز کے مطابق جدید ادویات کو مفید بنانے کے لیے لازم ہے کہ انہیں زیادہ گرمی سے بچایا جائے وگرنہ وہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔

حکومت  پنجاب نے ڈرگ ایکٹ 2017 کو جعلی اوربنا لائسنس ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف’ اعلان جنگ‘ قرار دیا تھا

صوبائی حکومت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ وہ کسی بھی قیمت پر عوام کی جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔

 


متعلقہ خبریں