گزشتہ ہفتے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ 2 فیصد سے زیادہ رہا، اسد عمر


اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ 2 فیصد سے زیادہ رہا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ گزشتہ 6 ہفتے اوسط قومی سطح پر کورونا کیسز کی تعداد 2 فیصد سے کم تھی تاہم گزشتہ ہفتے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ 2 فیصد سے زیادہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے کراچی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں منی اسمارٹ لاک ڈاوَن دوبارہ نافذ کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاہم کورونا وائرس کے خلاف کامیابی پہلے کی طرح عوام کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔

دوسری جانب اتوار کی صبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مختلف گلیوں میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میرج ہال اور کیٹرز ایسوسی ایشنز نے کورونا ایس او پیز مسترد کر دیں

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ سیکٹر جی 10 فور کی گلی نمبر 38، 44، 45، 46، 47، 48 کوسیل کر دیا گیا ہے جبکہ سواں روڈ کی گلیوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ 2 کی گلی نمبر 25 اور29 کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیکٹر جی نائن 4 کی گلی نمبر 85 اور 89 کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں