اسلام آباد: ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ 15 ستمبرکو درخواست پر سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرارآفس نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے نیب کی درخواست پر تکنیکی نوعیت اعتراض عائد کئے تھے۔
جمعرات کو نیب نے نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا معطل کی تھی اور سپریم کورٹ نے بھی نواز شریف کی سزا معطلی کا ہائیکورٹ والا فیصلہ ہی برقرار رکھا تھا۔
ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف کی ضمانت کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد
نیب نے مؤقف اپنایا کہ نواز شریف نے سزا معطلی اور ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا۔ بیرون ملک چلے جانے کے بعد نواز شریف اس رعایت کے مستحق نہیں رہے۔ نواز شریف کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت ختم کی جائے۔
قومی احتساب بیورو نے استدعا کہ نواز شریف مفرور ہیں اور سابق وزیراعظم کی ضمانت منسوخ کر کے گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
پس منظر
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 2018 میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان پر الزام ہے کہ انہوں نےغیر قانونی ذرائع کی مدد سےحاصل کی گئی رقم سے لندن کے مہنگے ترین علاقے مے فیئر اور پارک لین کے نزدیک واقع چار رہائشی اپارٹمنٹس خریدے۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور ان کے داماد کیپٹین ریٹائرڈ صفدر کو جیل، قید اور جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔
سزا کے خلاف ملزمان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جس نے ستمبر 2018 میں ان سزاؤں کو معطل کر دیا تھا جس کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر جیل سے رہا ہو گئے تھے۔
ایون فیلڈ ریفرینس میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹین ریٹائرڈ محمد صفدر کو دی گئی سزا معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف نیب نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد اپیل خارج کردی تھی۔