کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ختم نہ ہو سکی

فائل فوٹو


کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں اب بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

کراچی کے علاقوں شادمان ٹاؤن، سیکٹر چودہ بی اور اے میں گزشتہ 10 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ کے ڈی اے چورنگی، نارتھ ناظم آباد اور بلاک اے میں بھی کءی گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

پہاڑ گنج، حسرت موہانی کالونی، سعود آباد، اورنگی ٹاؤن اور کشمیر کالونی میں بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ قصبہ، ملیر، گڈاپ اور کاٹھور کے 40 سے زاءد گوٹھوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

سرجانی ٹاؤن اور کورنگی سمیت شہر کے بیشتر حصے بجلی سے محروم ہیں اور وقفے وقفے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی مختلف علاقوں میں جمع ہونے کی وجہ سے بجلی بحال نہیں ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ دو روز سے طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مضافاتی علاقوں کی بستیاں ڈوب چکی ہیں جہاں سے پانی کی نکاسی تاحال نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں کے الیکٹرک کا 77 فیصد علاقوں میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ

پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے ایک جانب شہری گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے تو دوسری جانب بجلی بند ہونے کی وجہ سے انہیں گھروں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کراچی میں درجہ حرارت کم ہونے کے بعد بجلی کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔ کراچی میں بجلی کی طلب 2 ہزار 800 میگا واٹ اور رسد 2 ہزار 500 میگا واٹ ہے جس کے بعد کراچی میں بجلی کا شارٹ فال 300 میگا واٹ رہ گیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی کے 77 فیصد رہائشی علاقوں میں لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے تاہم لائن لاسز والے علاقوں میں 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں