مظفر گڑھ: مقامی عدالت نے ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو تھانہ محمود کوٹ کی حدود میں پندرہ سالہ لڑکے کے مبینہ قتل میں ملوث مفرور ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی ہے۔
ہم نیوز کے مطابق کوٹ ادو تھانہ محمود کوٹ کی حدود میں چار روز قبل آڑا اکبر شاہ میں پندرہ سالہ لڑکے کو دم کرانے کے لیے عامل نے بند کمرے میں آگ اور دھواں سے بے ہوش کرایا تھا، جس سے لڑکے کا چہرہ بھی جزوی طور پر جھلس گیا تھا۔
متوفی لڑکے کے والد کے مطابق عامل نے لڑکا انکے حوالے کردیا تھا اور ڈرا دھمکا کے روانہ کر دیا تحا جبکہ دس گھنٹے بعد لڑکا جاں کی بازی ہار گیا تھا۔
گزشتہ روز تھانہ محمود کوٹ میں لڑکے کے والد کی مدعیت میں عامل کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے جبکہ تھانہ ایس ایچ کے مطابق تازہ ترین معلومات موصول ہوئ ہیں کہ ملزم نے عبوری ضمانت کرا لی ہے۔
ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے مزید معلومات مہیا کرنے کے لیے ایس ایچ نے وقت مانگ لیا ہے۔
خیال رہے کہ 29 اگست 2019 کو گوجرانوالہ میں جعلی عامل نے کالے جادو کا جھانسہ دے کر ملائیشین خاتون کو لوٹ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں قومی احتساب بیورو اور بلوچستان پولیس کی مشترکہ کارروائی،جعلی نیب افسر گرفتار
ہم نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر جعلی عامل کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا تھا۔
جعلی عامل نے فیاض نے بلیک میجک کے نام سے انگریزی ویب سائٹ بنا رکھی تھی جس کے ذریعے لوگوں کو بے وقوف بنایا جاتا رہا تھا۔ گھریلو پریشانیوں سے تنگ ملائیشین خاتون ازلینا نے ویب سائٹ کے ذریعے جعلی عامل فیاض سے رابطہ کیا تھا اور اسے اپنے گھریلو مسائل سے آگاہ کیا تھا۔
ملزم فیاض نے غیر ملکی خاتون کو کالے جادو کے ذریعے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے 20 لاکھ روپے ہتھیا لیے تھے۔
متاثرہ خاتون ازلینا اور اس کے شوہر نے ملزم کے خلاف ایف آئی اے کو درخواست دی تھی جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو بیٹے فہد سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔
