بلوچستان: اسمارٹ لاک ڈاون میں 15 دن کی توسیع کر دی گئی


کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاوَن میں 15 دن کی توسیع کر دی ہے۔

صوبئی محکمہ داخلہ کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاوَن میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاوَن کے تحت اجتماعات پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ عوامی مقامات، دفاتر اور دکانوں پر ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔ تفریحی مقامات، سینماگھر، کھیلوں کے میدان، شادی ہال اور جمز پر پابندی بھی برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب ریکارڈ 111 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 839 ہو گیا ہے۔

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 443 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 921 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 56 ہزار 390 مریض صحت یاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئیں

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 55 ہزار 878 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 55 ہزار 581، خیبرپختونخوا میں 18 ہزار 472، بلوچستان میں 8 ہزار 327، اسلام آباد میں 8 ہزار 857، آزادکشمیر میں 663 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 143  کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار اکیاسی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں853، خیبر پختونخوا میں 707، اسلام آباد میں 83، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 22 ہزار 665 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں