اسلام آباد: اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہری کو گاڑی کی ٹکر سے زخمی کرنے کے الزام میں بھارتی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کی گرفتاری کے بعد بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن دہلی کے افسران کوہراساں کرنےکا سلسلہ شروع کردیا
سفارتی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ بھارتی ایجنسیوں کی جانب سے ہراساں کیا جارہاہے۔ پاکستان کےہائی کمشنر کی سرویلنس کی جارہی ہے۔ پاکستانی سفارتخانےکامحاصرہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد پولیس کی جانب سے گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص کو زخمی کرنے کےالزام میں گرفتار بھارتی سفارتی عملے کے دو اہلکاروں کو رہا کردیا تھا۔
تازہ ترین جاری بیان میں اسلام آباد پولیس نے بتایا تھا کہ بھارتی سفارتی عملے کے اہلکاروں کو رہا کردیا گیا۔ بھارتی سفارتی عملے کے اراکین کو سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے رہا کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستانی نوجوان کو گاڑی تلے کچلنے والے کرنل جوزف امریکہ روانہ
اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے شہری کو گاڑی کے ٹکر سے زخمی کرنے کے الزام میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔
پولیس نے کہا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کاروں کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہوا تھا جس کے بعد فرار ہونے والے بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کاروں کوموقع پرگرفتارکرلیا گیا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے دونوں اہل کاروں کوحراست میں لے لیا۔ بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کار گاڑی تیزرفتاری سے چلارہے تھے۔
بعد میں وفاقی پولیس نے بھارتی اہلکاروں کی سفارتی استثیٰ کیلئے ڈی جی پروٹوکول دفتر خارجہ سے رابطہ کرلیا تھا۔
وفاقی پولیس نے بتایا تھا کہ دفترخارجہ سے صورتحال کلیئرہونے پراہلکاروں کی حوالگی کا فیصلہ کریں گے۔ دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمے کا اندارج کیا جارہاہے۔
خیال رہے کہ 7 اپریل 2018 کو امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے اسلام آباد میں نوجوان عتیق بیگ جاں بحق اور اُس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا۔ مقتول نوجوان اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ سے موٹرسائیکل پر گزر رہا تھا کہ امریکی سفارتکار کی گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے اسے روند ڈالا تھا۔