حکومت نوازشریف سنڈروم کے لاعلاج مرض میں مبتلا ہے، مریم نواز


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ لوگوں کی جانیں صرف کورونا سے نہیں بلکہ نااہلی اورمجرمانہ غفلت کی وجہ سے جا رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نوازشریف سنڈروم کےلاعلاج مرض میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف ڈاکٹروں کی ہدایت پر چہل قدمی کر رہے تھے، میاں صاحب کی چہل قدمی پر تبصروں کا مقصد اصل تباہی سےتوجہ ہٹانا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ باتیں کرنے والوں کو اگر کام آتا ہےتو کام کریں ، اگر نہیں آتا تو کسی سے پوچھ لیں۔

نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑارہی ہے

خیال رہے کہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہل خانہ کے ساتھ منظر عام پر آنے والی تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی تصویر ہمارے نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے ایک تصویر شیئر کی جس میں میاں نواز شریف لندن میں اپنی بہو اور پوتی کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں۔

تصویر کے ساتھ فواد چوہدری نے تحریر کیا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ بھی لکھا کہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں